2

بھارتی اداکار شوبز چھوڑ کر اسلام کی راہ پر گامزن

بھارتی شو راؤڈیز سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار و ماڈل ثاقب خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ شوبز کا پیشہ ترک کرکے روحانیت کے راستے پر گامزن ہورہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب وہ مستقبل میں ماڈلنگ اور اداکاری نہیں کرینگے۔

 روڈیز میں اپنی پہچان بتاتے ہوئے ثاقب نے کہا تھا ، “ہیلو ، میں کشمیر سے ہوں اور میں پتھرباز نہیں ہوں۔” ان کے اس ڈائیلاگ نے انہیں کافی مشہور کردیا تھا۔

ثاقب خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام و علیکم بھائیوں اور بہنوں، امید ہے کہ آپ سب ٹھیک ہوں گے،آج کی پوسٹ یہ اعلان کرنے کے لئے ہے کہ میں نے شوبز کو الوداع کہہ دیا ہے لہذا اب میں آگے ماڈلنگ یا اداکاری نہیں کروں گا۔

ثاقب خان نے مزید تحریر کیا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس کام نہیں تھا اور وہ شوبز چھوڑ رہے ہیں، میرے پاس اس وقت بھی بہت پروجیکٹس موجود ہیں، لیکن اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی نہیں تھی، ضرور کچھ اچھا اور بہتر سوچا ہوگا اللّٰہ نے میرے لیے، انشا اللّٰہ، کیونکہ وہی سب بہتر منصوبہ ساز ہے۔

ثاقب نے ممبئی میں اپنی جدوجہد کے بارے میں لکھا کہ ’جہاں تک میں نے ممبئی میں جدوجہد دیکھی ہے، یہاں بنے رہنا بہت مشکل ہے لیکن میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے تھوڑے ہی عرصے میں بہت شہرت ملی لیکن یہ صرف دنیا کے لیے ہے آخرت کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختصراً یہ کہوں گا کہ میں گمراہی کی جانب اور اسلامی اصولوں کے خلاف جارہا تھا، میں نماز پڑھا کرتا تھا لیکن کچھ کمی محسوس کررہا تھا، اور یہ میرا سکون اور اللّٰہ کی جانب اپنی خود احتسابی تھی،اسی لئے میں خود کو اللہ کے حوالے کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سکون جس کی مجھے تلاش تھی وہ تو میرے سامنے تھا، میری کتاب قرآن کریم۔

انھوں نے اس موقع پر اپنے نئے سفر کے حوالے سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیے ہیں۔

یاد رہے کہ ثاقب سے پہلے اداکارہ ثنا خان اور فلم ’دنگل‘ میں گیتا فوگاٹ کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم بھی شوبز سے دور ہوکر مذہب کی راہ اپنا چکی ہیں۔