2

Beautiful and magical tourist sites of Saudi Arabia

مملکت سعودی عرب کے جنوبی حصے کا بے مثال حسن و جمال ہمیشہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے، پہاڑوں اور سبزے کا امتزاج، چٹانوں کے بیچ بہتے گنگناتے جھرنے اور اوپر منڈلاتے بادل لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی فوٹوگرافر محمد القرنی نے سعودی عرب کے جنوبی اضلاع کے حسین قدرتی مناظر کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔ ان کا مقصد سماجی ذرائع ابلاغ پر ان تصاویر کو پوسٹ کرنا اور اس سحر انگیز جمال کو ظاہر کرنا ہے جن سے یہ علاقے مالا مال ہیں۔

القرنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے جنوبی اضلاع کئی جمالیاتی خصوصیات کے حامل ہیں جو انہیں دنیا کے خوب صورت ترین سیاحتی مقامات میں شامل کرتے ہیں۔

سعودی فوٹوگرافر 6 برس سے پیشہ وارانہ سطح پر فوٹوگرافی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے جدید ٹکنالوجی کے ذریعے قدرتی حسن و جمال کو فن پاروں کی شکل دے دی ہے۔ وہ فوٹوگرافی کے لیے ڈرون کیمرے کا استعمال بھی کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ عسیر صوبے کی برسات کی فضا سحر انگیز ہے۔ میں نے بلقرن اور المجاردہ ضلعوں میں آبشاروں اور جھرنوں کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔ یہاں پہاڑوں کا سلسلہ بھی واقع ہے۔ ان کے بیچ متعدد وادیاں ہیں جن کناروں پر کھیت و کھلیان موجود ہیں۔ یہاں کے پہاڑ سبزے سے لدے ہوئے ہیں اور بڑے گھنے درخت امتیازی شان رکھتے ہیں۔

القرنی کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے النماص کے علاقے میں بادلوں سے معانقہ کرتے بلند و بالا پہاڑوں کو بھی تصاویر میں قید کیا۔ وہاں بھی پودوں کی بھرمار نظر آتی ہے۔ اس علاقے کی فضا موسم گرما میں معتدل ہوتی ہے۔